سرسی 6 / فروری (ایس او نیوز) سرسی تعلقہ کے نریبیل گرام میں واقع سومیشور مندر کے شیو لنگ پر انگریزی میں کچھ الفاظ لکھ کر اس کی بے حرمتی کا جو معاملہ پیش آیا تھا اس سلسلے میں پولیس نے تحقیقات کرتے ہوئے اس حرکت کے ذمہ دار ایک طالب علم کا پتہ لگانے میں کامیابی حاصل کی ہے ۔
پولیس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق کے ایچ بی کالونی میں رہنے والا ایک باصلاحیت طالب علم اس معاملے کا ذمہ دار ہے ۔ اس طالب علم نے قبول کیا ہے کہ پی یو سی دوم (سائنس) میں اس نے 99 فیصد مارکس حاصل کیے تھے ۔ مگر آئی آئی ٹی اور جے ای ای مینس 2023 امتحانات میں اس کا متوقع نتیجہ نہیں نکلا تھا ۔ اب اس نے 2024 کے امتحانات میں دوبارہ اچھے نمبرات کی توقع کرتے ہوئے اپنی عقیدت کے تحت دیوتا سے مدد طلب کرنے کے لئے شیو لنگ پر انگریزی میں وہ الفاظ لکھے تھے ۔
چونکہ اس حرکت میں ملوث طالب علم کی عمر 18 سال سے کم ہے ، اس لئے پولیس نے اس کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے ۔